پرچیاں لہراکر سندھ کی بات کرنیوالوں نے عوام کو مسائل میں دھکیل دیا:مراد سعید

پاکستان

عمر کوٹ:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ پرچیاں لہراکر سندھ کے حقوق کی بات کرنے والوں نے عوام کو مسائل میں دھکیل دیا،پیپلز پارٹی صوبے کے عوام کو صحت کارڈ کی سہولت کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے لیکن تحریک انصاف خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔

عمر کوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ عمرکوٹ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، زرداری کا ایک بیٹا پرچی چیئرمین ہے، وہ پرچیاں لہرا کر سندھ کے حقوق کی بات کرتا ہے ، حلیم عادل شیخ سندھ کے اپوزیشن لیڈر ہیں، ان کا مائیک بند کردیا جاتا ہے، اپوزیشن کو کسی کمیٹی میں نمائندگی نہیں دی گئی، احتساب کی کمیٹی میں شرجیل میمن اور فریال تالپور بیٹھے ہیں، عمران خان نے مفت علاج کے لیے صحت کارڈ کی سہولت دی، لیکن سندھ کی عوام کو سہولت دینے میں سندھ حکومت رکاوٹ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زرداری کا فرنٹ مین مراد علی شاہ ہے، صحت کے لیے ساڑھے 600 ارب سندھ حکومت کو ملا، سب پیسہ جعلی اکاؤنٹس میں چلا گیا، کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں سپلائی چین متاثر ہوا، سندھ میں گندم سرپلس ہے لیکن سندھ میں گندم اور آٹا مہنگا ہے، دو چوہے موجود ہیں وہ گندم کھاگئے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اپنی طرف سے سندھ کو ضرور سہولت دے گی، سندھ حکومت نے کورونا میں راشن کی جگہ صرف بھاشن دیا ،عمران خان نے کورونا میں احساس کیش پروگرام پیسہ دیا، پی پی نے اس پر بلاول اور زرداری کی تصاویر لگادی، سندھ میں پولیس کو سندھ حکومت ذاتی غلام سمجھتی ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں