لاہور: دودھ، دہی، دالیں مزید مہنگی، روٹی، نان کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ

پاکستان

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں دودھ، دہی، دالوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا جبکہ روٹی اور نان کی قیمتیں بھی بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

 

ضلعی انتظامیہ نے دودھ ،دہی ،دالوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا، دودھ ،دہی 15 روپے تک مہنگا کردیا، دودھ 15 روپے بڑھ کر 115 روپے لٹر کر دیا گیا، دہی 15 روپے بڑھکر 135 روپے فی کلوگرام کردیا، دالوں کی قیمتوں میں 10 سے 20 روپے تک اضافہ کیا گیا، 10 روہے اضافے کے بعد چاول سپر باسمتی 130روپے فی کلوگرام تک پہنچ گیا۔

دال چنا 5 سے 10 روپے تک مہنگے ہوگئے، دال مسور 15 روپے فی کلوگرام تک مہنگی کر دی، دال ماش 20 روپے تک مہنگی کردی گئی، دال مونگ 15 روپے فی کلوگرام تک مہنگی کر دی گئی، چنے 10 سے 15 روپے تک مہنگے کردیئے گئے، بیسن 10 روپے فی کلوگرام تک مہنگا ہوگیا۔

مٹن 150 روپے فی کلوگرام مہنگا کرکے 1100 روپے فی کلوگرام کردیا۔ بیف 100 روپے بڑھا کر 600 روپے فی کلوگرام کردیا۔

اُدھر ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ نے نئے نرخنامے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

مزید برآں ایک بار پھر متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کرلیا۔

نان بائی ایسویسی ایشن کے مطابق متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس بدھ کی دوپہر کو ہو گا جس میں روٹی اور نان کی قیمت بڑھانے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال نان بائی ایوسی ایشن نے روٹی 10 اور نان 15 روپے کا کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹے کا تھیلا 850 سے بڑھ کر 1100 روپے اور بوری 4800سے بڑھ کر 6000 روپے کی ہو گئی ہے جبکہ گیس اور بجلی کے ریٹ بھی بڑھ گئے ہیں۔ اجلاس میں روٹی کی قیمت 10 سے 12 اورنان کی 15 سے 18 روپے کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں