پشاور: پولیس موبائل وین پر دستی بم حملہ، 3 اہلکار زخمی

پاکستان

پشاور:(دنیا نیوز) نامعلوم افراد نے پولیس موبائل وین پر دستی بم حملہ کر کے 3 اہلکاروں کو زخمی کردیا۔

پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس موبائل وین پر ہینڈ گرنیڈ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والوں میں ایک سب انسپکٹر اور 2 کانسٹیبل شامل ہیں ۔

پولیس کے مطابق زخمیوں میں سب انسپکٹرفرید خان سمیت دو دیگر کانسٹیبل کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیاگیا جن کا علاج جاری ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز ہارون رشید نے ایل آر ایچ ہسپتال کا دورہ کیا جہاں پر بڈھ بیرحملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی ، ایس ایس پی آپریشنز نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔

ہارون رشید کے مطابق پولیس اہکار تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں موبائل ڈیوٹی پرتھے، زخمیوں میں فرید خان، خواص خان اورمیرعالم شامل ہیں، پولیس موبائل وین حملہ کے بعد بھاری نفری موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بڈھ بیر میں پولیس موبائل پر دستی بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں زخمی 3 پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

محمود خان نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے ، پولیس کو واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شرپسندی کے ایسے واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہونگے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں