انار کلی دھماکے کےبعد شہریوں کی جانب سے لوٹ مار کئے جانے کا انکشاف

لاہور:(دنیا نیوز) نئی انار کلی بم دھماکے کے بعد بعد انسانیت بھی مر گئی، لوگ زخمیوں کی مدد کے بجائے نوٹ سمیٹتے رہے، دھماکے کے بعد چند شہریوں کی جان سے پرائز بانڈ پر لوٹ مار کرنے کا انکشاف ہوا ہے

خیال رہے کہ گزشہ روز لاہور میں نئی انار کلی میں پان منڈی کے مقام پر دھماکہ ہوا تھا جس میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

دھماکے کے بعد اردگرد آگ لگ گئی اور بھگدڑ مچ گئی تھی ،اسی بھگدڑ میں 20 سالہ عبداللہ نامی پرائز بانڈ کا کاؤنٹر تھا جس پر تقریباً 3 لاکھ روپے موجود تھے اور چند افراد زخمیوں کی مدد کرنے کی بجائے پیسے لوٹنے میں مصروف رہے۔

پولیس نے پیسے لوٹنے والوں کی فوٹیج کے ذریعے لوٹ مار کرنے والوں کی تلاش شروع کردی ہے۔

انارکلی دھماکے میں ملوث مبینہ دہشت گرد کی تصویر منظر عام پر آ گئی

 لاہور انارکلی دھماکے میں ملوث مبینہ دہشت گرد کی تصویر منظر عام پر آ گئی، تفتیشی ٹیموں کو جائے وقوعہ سے بال بیرنگ بھی مل گئے، وقوعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

لاہور گذشتہ روز خوفناک دھماکے سے لرز اٹھا جس میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 29 زخمی ہوئے۔ دھماکے میں ڈیڑھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ درج کی گئی ایف آئی آر میں دہشت گردی، ایکسپلوزوایکٹ سمیت 302 اور 324 کی دفعات لگائی گئی ہیں، متن کے مطابق تین دہشت گرد بارودی مواد رکھنے کیلئے موٹر سائیکل پر آئے، تفتیشی ٹیموں کو جائے وقوعہ سے بال بیرنگ مل گئے، مزید تفتیش جاری ہے۔

دھماکے کے باعث شہر کی فضا آج بھی سوگوار ہے، جائے وقوعہ پر جلی ہوئی موٹرسائیکلیں موجود جبکہ سامان بکھرا پڑا ہے۔ بارودی مواد کے پھٹنے سے تقریباً ڈیڑھ فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔ تفتیشی ٹیموں نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شواہد اکٹھے کر لئے جن سے پتہ چلا ہے کہ دھماکے کیلئے 2 سہولت کار اور ایک مبینہ دہشتگرد انارکلی پہنچے، 2 سہولت کار سرکلر روڈ سے آئے جبکہ مبینہ دہشتگرد پان گلی سے آیا، مبینہ دہشتگرد نے بیگ بینک کے سامنے رکھا اور سرکلر روڈ پر چلا گیا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کا دھماکے سے متعلق کہنا تھا کہ چار شہروں سے متعلق تھریٹ موجود تھے، پاکستان میں دوبارہ دہشت گردی کی فضا پیدا کی جارہی ہے، امن دشمنوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونےدیں گے۔

انارکلی بم دھماکے کی مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی، مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی ربعیہ نصرت کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان انارکلی بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے،جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یاب کےلیے دعا گو ہیں۔ ملک دشمن عناصر پھر سے سر اٹھانا شروع ہوگئے ہیں۔

قرار داد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی عوام اور سلامتی کے اداروں نے ملک میں امن کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔ ن لیگ کی حکومت نے اپنے دور میں اس ناسور پر قابو پالیا تھا۔ دہشت گردی کے خلاف ن لیگ نے نیشنل ایکشن پلان بنایا تھا جس پر سختی سے عملدرآمد کرایا گیا۔پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں