کیرن یوتھ سنو فیسٹیول کی رنگارنگ تقریبات کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری

کھیل

لاہور: (دنیا نیوز) پاک فوج کے زیراہتمام وادی نیلم کے سیاحتی مقام کیرن میں تین روزہ یوتھ سنو فیسٹیول کی رنگارنگ تقریبات کاسلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے، موسیقی شو، کھیلوں کے مقابلہ جات میں نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔

نیلم یوتھ سنو فیسٹیول میں مختلف گیمز میں فٹ بال، رسہ کشی، والی بال، بیڈمنٹن اور کرکٹ کے علاوہ کلچرل شو کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر سیاحتی مقام کیرن کو پاکستانی و کشمیری جھنڈوں سے سجا دیا گیا ہے۔ شرکاء فیسٹیول شدید سردی میں تقریب کے دوران قومی ترانوں اور گیت پر کھل اٹھے۔ پاکستان و کشمیر زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضاء گونج اٹھی۔

شہریوں نے یوتھ اور پاک فوج کے تعاون سے لگائے جانیوالے سنو فیسٹیول کو سراہا۔ شدید سردی میں شہری میلے کے رنگوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ کلچرل شو کی تقریب میں قومی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی نے ویڈیو کال کے ذریعے شرکاء کوسلام پیش کرتے ہوئے جلد وادی نیلم آنے کا پیغام دیا۔

تقریب کی صدارت کمانڈنگ آفیسر دودھنیال کررہے تھے جبکہ لوکل کمانڈنگ افسران بھی فیسٹیول کی نگرانی کرتے رہے۔ کھیلوں کے مقابلوں میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالوں کو کمانڈنگ افسر نے نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں