آصف زرداری سندھ اور پاکستان کا دشمن ہے: علی زیدی

پاکستان

سکھر:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ آصف زرداری سندھ اور پاکستان کا دشمن ہے، منشی کو وزیراعلیٰ بنا کر سندھ کا برا حال کیا ہے۔

سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے پانچ ہزار سکول بند کئے ہیں، 12 ہزار ارب روپے ان کو ملے ، یہ لوگ بتائین کہ وہ پیسے کہاں خرچ کئے؟ ان لوگوں نے پولیس اسٹیٹ بنائی ہوئی ہے اور بلدیاتی نظام کا کالا قانون لے کر آئے ہیں، جس سے سارے اختیارات اپنے پاس رکھ لئے ہیں۔

علی زیدی نے مزید کہا کہ انہوں نے سکولز اور ہسپتال نہیں بنائے ، سندھ بھر میں واٹر ٹرٹمینٹ پلانٹ بند پڑے ہیں، کرونا کے باعث ساری دنیا میں مہنگائی ہوئی، وفاق نے ڈیڑھ ملین ٹن باہر سے امپورٹ کی، سندھ کے ویئر ہاؤسز سے 8 لاکھ ٹن گندم غائب ہوئی، گندم اور کھاد ذخیرہ کرکے رو رہے ہیں، انہوں نے قوم کا مال چوری کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ پیسے گننے والا منشی ہے، منشی وزراء کے ساتھ احتجاج کرنے آیا جسکے ساتھ اڑھائی سو لوگ مشکل تھے، ہم ووٹنگ مشین کے ذریعے بہتری لانا چاہتے ہیں، آئندہ الیکشن میں زرداری لیگ کا خاتمہ لائیں گے، کالا قانون واپس نہیں ہوا تو 27 فروری سے باہر نکلیں گے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صدارتی نظام جادو کی چھڑی نہیں جو آجائے،یہ صرف قیاس آرائیاں ہیں ، ایسا کچھ نہیں ہو رہا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں