آئی سی سی نے برینڈن ٹیلر کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی

کرکٹ

دبئی:(ویب ڈیسک) سپاٹ فکسنگ کا اعتراف کرنے والے زمبابوین وکٹ کیپر بلے باز برینڈن ٹیلر پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پابندی عائد کردی ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق برینڈن ٹیلرپر تمام طرز کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے کہا گیا کہ زمبابوے کے وکٹ کیپر بلے باز نے اینٹی کرپشن کوڈ آف کنڈکٹ کے 4 قوانین کی خلاف ورزی کی ہے جبکہ برینڈن ٹیلر پر اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی بھی خلاف ورزی کا چارج لگایا گیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق برینڈن ٹیلر پر ساڑھے تین سال کی پابندی عائد کی گئی ہے اور وہ 28 جولائی 2025 کے بعد کرکٹ کھیل سکیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں برینڈن ٹیلر نے بھارتی بکیوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے تہلکہ خیز انکشافات کئے تھے کہ بکیوں کی جانب سے نہ صرف بلیک میل کیا گیا بلکہ نشہ آور اشیا بھی کھلائی گئیں ۔

بھارتی بکیوں نے بلیک میل کیا اور نشہ آور اشیا کھلائیں: برینڈن ٹیلر کے انکشافات

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں برینڈن ٹیلر نے کہا تھا کہ مجھے بھارتی بزنس مین نے ٹی 20 لیگ کے لیے دعوت دی اور کہا کہ 15 ہزار ڈالر ملیں گے۔

بھارت میں مجھے ڈنر پر لے جایا گیا جہاں نشہ آور چیز کھلائی گئی اور بعد میں ویڈیو دکھا کر فکسنگ کے لیے بلیک میل کیا گیا۔

زمبابوین وکٹ کیپر بیٹر کا مزید کہنا تھا کہ آئی سی سی کو سب تفصیلات بتا دی ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل جو فیصلہ کرے گی اُسے قبول کروں گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں