گرفتاری کا دعویٰ محض ڈرامہ ،اصل مقصد اغوا اور قتل کرنا ہے: عمران خان

لاہور : (دنیا نیوز ) سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ واضح طور پر گرفتاری کا دعویٰ محض ڈرامہ تھا، ان کا اصل مقصد اغوا اور قتل کرنا ہے۔

سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ آنسو گیس اور واٹر کینن کے بعد اب انہوں نے براہ راست فائرنگ کا سہارالیا ہے ، میں نے کل شام ایک ضمانتی بانڈ پر دستخط کیے، ڈی آئی جی نے اسے بھی قبول کرنے انکار کردیا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ان کی بدنیتی اور ناپاک عزائم میں کسی قسم کا ابہام باقی نہیں۔

واضح رہے کہ لاہور میں زمان پارک کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پولیس کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔

پی ٹی آئی چئیرمین کی گرفتاری کے معاملے پر پی ٹی آئی اور پولیس آمنے سامنے ہیں، صبح ایک بار پھر پی ٹی آئی اور پولیس اہلکاروں میں تصادم ہوااور پولیس نے مظاہرین پر شیلنگ کی۔

پولیس آپریشن کو18 گھنٹے گزر چکے ہیں۔ تین اضلاع کی پولیس آپریشن میں حصہ لے رہی ہے، رینجرز کے دستے بھی مال روڈ پر موجود ہیں۔

زمان پارک اورقریبی علاقے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے۔ مال روڈ کے اطراف واقع تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

پولیس نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی گرفتاری کے لیے گزشتہ روز آپریشن شروع کیا تھا جس کے بعد پی ٹی آئی کے کارکن ملک گیر احتجاج کررہے ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں