عمران خان کے قافلے میں شامل 3 گاڑیوں کو کلرکہار کے قریب حادثہ

کلر کلہار: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کے قافلے میں شامل 3 گاڑیوں کو کلرکہار کے قریب حادثہ پیش آیا ہے۔

اسلام آباد جاتے ہوئے کلرکہار کے قریب حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے ہیں، متاثرہ گاڑیوں میں پی ٹی آئی حافظ آباد کے کارکن سوار تھے۔

موٹروے پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے کیلئے ریسکیوکا عمل شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب حادثے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے موٹر وے پر اپنا قافلہ روک دیا، گاڑی سے باہر نکل کر پارٹی رہنماؤں کو زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں پیش ہونے کے لیے سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا قافلہ اسلام آباد کیلئے رواں دواں ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں