رہائشی علاقے میں آنسو گیس کا استعمال، کرین سے گیٹ توڑے گئے، اعتزاز احسن

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ رہائشی علاقے میں آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا، کرین سے گیٹ توڑے گئے، پولیس کے شیل میرے گھر گرے ہیں۔

عمران خان کے گھر سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن پُرامن رہیں، اگر پولیس کے پاس سرچ وارنٹ تھا تو کس کو دکھایا گیا، پولیس بکتر بند گاڑیوں حملہ کرنے کے لیے آئی تھی، کوئی خاتون پولیس افسر نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ کارکن کوئی منفی کام نہ کریں، اس کا قانونی طور پر جواب دیں، پی ٹی آئی کو عدالت میں جانا چاہیے، کبھی برصغیر کی تاریخ میں 4 ایس پیز بکتر بند گاڑیاں لے کر سرچ آپریشن کے لیے گئے ہیں؟ یہاں کوئی ڈکیت رہتے تھے؟

یہ بھی پڑھیں: زمان پارک آپریشن: ایک قانونی کارروائی کو پورا کیا گیا، آئی جی پنجاب

اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ یہ پُرامن لوگوں کا علاقہ ہے، چیف جسٹس کو نوٹس لینا چاہیے، یہ ایک سیاسی جماعت ہے، اس کے خلاف اس طرح کا آپریشن نہیں ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں کسی کو ختم نہیں کیا جا سکتا، ذوالفقار بھٹو اور بینظیر بھٹو کے ختم ہونے کے بعد بھی اس کی پارٹی ختم نہیں ہو سکی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں