سپریم کورٹ بار کی جانب سے عمران خان کے گھر میں پولیس آپریشن کی مذمت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے عمران خان کی زمان پارک کی رہائش گاہ پر پولیس آپریشن کی مذمت کی ہے۔

سپریم کورٹ بار کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ پر کارروائی انتہائی قابل مذمت اور انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے طاقت کا استعمال کسی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا، پولیس نے ریڈ جان بوجھ کر ایسے وقت میں کیا جب عمران خان کی اہلیہ اپنی رہائش گاہ پر اکیلی تھیں۔

سپریم کورٹ بار نے مزید کہا کہ عمران خان کے گھر میں سیاسی کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، میڈیا چینلز کو غیر قانونی پابندیوں کے ذریعے واقعے کی رپورٹنگ سے روکا جا رہا ہے، میڈیا پر پابندی عائد کرنا آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت آزادی رائے کی کھلم کھلا خلاف ہے، نگران حکومت کا مینڈیٹ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔

سپریم کورٹ بار نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ پنجاب میں نگران حکومت کی غیر جانبداری انتہائی قابل اعتراض ہے، تمام سیاسی جماعتوں سمیت اسٹیک ہولڈرز سے مطالبہ ہے کہ مل بیٹھ کر تمام اختلافات کا پرامن حل نکالیں، ملک میں قانون کی حکمرانی ہر قیمت پر قائم ہونی چاہیے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں