پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کے گھر پر پولیس کا چھاپہ

لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی رہنما مسرت جمشید چیمہ کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا ہے تاہم ان کی گھر میں عدم موجودگی کے باعث گرفتاری ممکن نہ ہو سکی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس 25 مئی کی تاریخ دہرا رہی ہے اور ایک بار پھر ہمارے گھروں پر حملہ آور ہے، پولیس ہمیشہ کی طرح بغیر کسی وارنٹ کے ہمارے گھر کے باہر موجود ہے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے اپنے گھر کے باہر کھڑی پولیس کی نفری کی ویڈیو بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی۔

اپنے ایک اور پیغام میں مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ بغیر کسی وارنٹ کے خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے کے لئے درجنوں پولیس والے ہمارے گھر کے باہر موجود ہیں۔

دوسری جانب  پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا ، ان کے اہلخانہ کے مطابق سابق وفاقی وزیر گھر پر نہیں تھے اور پولیس کافی دیر گھر کے باہر موجود رہنے کے بعد واپس چلی گئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے عمران خان کے چیف آف سٹاف سینیٹر شبلی فراز کے گھر پر چھاپہ مارا، پولیس نے ان کے گھر کی تلاشی بھی لی، تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسلام آباد میں موجود نہیں تھے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر شبلی فراز کے گھر پولیس کے چھاپے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، چیئرمین سینیٹ نے کہا پولیس چادر اور چار دیواری کا احترام کرے، شبلی فراز رکن سینیٹ ہیں، آئی جی اسلام آباد فوری طور پر واقعے کی تفصیلی رپورٹ دیں۔

اس کے علاوہ پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے، آئی ٹین سے مقامی 4 رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا، تھانہ پھلگراں کے علاقے سے بھی کارکن کو پکڑا گیا، حراست میں لیے گئے کارکنوں کو تھانہ گولڑہ، سی ٹی ڈی منتقل کر دیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں