عمران کی عبوری ضمانت کیلئے درخواست پر رجسٹرار آفس کا ایک اعتراض دور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے 7 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگا دیئے، جس پر سابق وزیراعظم نے ایک اعتراض دور کر دیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے مقدمات درج کیے گئے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے فریقین کو درخواست گزار کی گرفتاری سے روکا جائے۔

عمران خان کی درخواستوں پر اعتراض
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر اعتراضات عائد کر دیئے، رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا کہ عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کرایا۔

رجسٹرار آفس نے ایک اور اعتراض عائد کیا کہ ٹرائل کورٹ سے پہلے ہائیکورٹ میں کیسے درخواست دائر ہوسکتی ہے؟

ایک اعتراض ختم

بعدازاں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بائیو میٹرک تصدیق کروا کر رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائی کورٹ کا ایک اعتراض دور کر دیا جبکہ ٹرائل کورٹ سے پہلے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا اعتراض برقرار ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں