بہت جلد وہ دن آئے گا جب ہندوستان اور اسرائیل کو جواب دینا پڑے گا: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر کو جلد آزادی ملے گی، بہت جلد وہ دن آئے گا جب ہندوستان اور اسرائیل کو جواب دینا پڑے گا۔

یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے وزیر اعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت آج 5 اگست 2019 کے ہندوستانی اقدام کی مذمت کرتی ہے، اقوام متحدہ، سکیورٹی کونسل کی قراردادیں پکار پکار کر کشمیریوں کی یاد دلاتی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی بھارت کے غاصبانہ فیصلوں کو مسترد کر چکی ہیں، یہ واضح اور دو ٹوک پیغام دنیا کو ملنا چاہئے، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، بھارت کے حکمران کشمیریوں کا حق نہیں چھین سکتے، انشاءاللہ کشمیر ضرور آزاد ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اللہ کے فضل سے نیوکلیئر طاقت ہے، بہتر ہے بیٹھ کر تنازعات کو حل کریں، ہندوستان کو ہوش کے ناخن لینا پڑیں گے، بھارت کبھی پاکستان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کرسکتا، ہم ایسی آنکھ کو نوچ لیں گے جو پاکستان کی جانب اٹھے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مل بیٹھ کر کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہوگا، فلسطین کے نہتے مسلمانوں کو بھی ان کا حق ملنا چاہئے، اُمید ہے یہ پیغام بھارت اور اسرائیل کو پہنچے گا، کشمیریوں اور فلسطینیوں کو ان کا حق بلا تاخیر دیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں