کشمیر کی تحریک میں فتح و کامرانی مجاہدوں کے قدم چومے گی: مولانا فضل الرحمان
دھیر کوٹ: (دنیا نیوز) جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کشمیر کی تحریک میں فتح و کامرانی مجاہدوں کے قدم چومے گی۔
جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی ایک تاریخ ہے، وہ حصول آزادی کے لئے ہے، آزادی کی تحریکیں ضروری نہیں کہ ماہ و سال میں اپنی منزل پا لیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر تحریک میں شامل قومیں استقامت اور بلند عزم رکھتی ہیں تو تحریک سمندر کی لہروں کی طرح ساحل پر جا کر رکتی ہیں، کشمیری مجاہد قوم ہونے کے ساتھ ساتھ مظلوم قوم بھی ہیں، کشمیر کی داستان صدیوں پر محیط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برصغیر میں آزادی کی جنگ دو سو سال سے زیادہ لڑی گئی، حالات اور جغرافیے بدلتے رہتے ہیں، نئی نسلوں کو نیا ماحول ملتا ہے، تمام تبدیلیوں کے باوجود آزادی کا نظریہ نسل در نسل نئی نسل تک پہنچتا ہے۔
جمعیت علماء اسلام کے سربراہ نے کہا کہ ہندوستان نے غلط فیصلہ کیا، کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کیا، یہاں پاکستان کے اس وقت کے حکمرانوں نے خاموشی اختیار کی، پاکستان کے عوام، جوان اور قوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی زمین کو نہیں خریدا جاسکتا، انگریز نے 1917ء میں غلط معاہدے کے تحت یہودیوں کو وہاں بستیاں بنانے کی اجازت دی، قیام پاکستان کی قرارداد 1940ء میں لاہور میں منظور ہوئی، اسی قرارداد میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ فلسطین کی سرزمین پر یہودی آبادکاری، نئی بستیاں ناجائزعمل ہے۔