دھرنا مارچ کی دھمکی کارگر ثابت، حکومت جماعت اسلامی سے مذاکرات کیلئے پھر تیار
راولپنڈی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کی دھرنا مارچ کی دھمکی کارگر ثابت ہو گئی، حکومت جماعت اسلامی سے مذاکرات کے لئے پھر تیار ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کا تیسرا دور آج ہونے کی توقع ہے، حکومتی ٹیم اور جماعت اسلامی مذاکراتی کمیٹی میں مذاکرات کمشنر آفس میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے 8 اگست کو دھرنا مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا، حافظ نعیم الرحمان نے کہا تھا کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا، 14 اگست کے بعد تاجروں سے مشاورت کے بعد ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کریں گے، دھرنا مارچ کے حوالے سے تفصیلات کل بتاؤں گا۔
بجلی کے بھاری بلوں، ٹیکسوں کی بھرمار، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں، پٹرول اور گیس کی بڑھتی قیمتوں، مہنگائی سمیت دیگر مطالبات کے لیے جماعت اسلامی کا راولپنڈی کے لیاقت باغ چوک پر جاری دھرنا بارہویں روز میں داخل ہوگیا ہے، اس دوران ملک کے مختلف علاقوں سے مزید قافلے بھی احتجاج کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔