معیشت حد سے گر گئی، شہبازشریف ملک کو آگے لیجانے میں ناکام ہوگئے: فضل الرحمان
مردان: (دنیا نیوز) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شہباز شریف ملک کو آگے لے جانے میں ناکام ہوگئے ہیں، امن و امان کی صورتحال خراب ہوگی تو معیشت بھی ٹھیک نہیں ہوگی۔
جے یو آئی کے سر براہ مولانا فضل الرحمٰن نے مردان میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا صیح معنوں میں دوست ہے چین کے ساتھ 70 سالہ دوستی جب معیشت میں تبدیل ہوئی اس وقت مختلف قوتیں متحرک ہوئیں اور معیشت رک گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چین والوں نے کہا ہے کہ ہم ہر شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، چین سب سے زیادہ سرمایہ کاری زراعت کے شعبے میں کرنا چاہتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا ملکی معیشت کو اٹھاؤں گا، شہبازشریف ملکی معیشت کو ٹھیک نہیں کرسکے، ملکی استحکام ضروری ہے ورنہ عدم استحکام کا دور آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو اپنا گھر سمجھ کر خوشحال رکھا، امن و امان کی صورتحال خراب ہوگی تو معیشت بھی ٹھیک نہیں ہوگی۔