خوارج ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے ملک میں بدامنی، انتشار پھیلانا چاہتے ہیں: ایاز صادق

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سکیورٹی فورسز کو وادی تیراہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 12 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ خوارج ملک و انسانیت کے دشمن ہیں جو اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کیلئے ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، خوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں لائق تحسین ہیں۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور افسروں نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں، ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ قوم کو اپنی مسلح افواج کے جری جوانوں اور افسروں پر فخر ہے، ملک سے فتنہ الخوارج کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، پوری قوم دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، قوم پاک فوج کے ملک سے دہشتگری کو جڑ سے اکھاڑنے کے پختہ عزم کی کامیابی کیلئے دعا گو ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں