چین کا اسرائیل سے غزہ میں پولیو ویکسی نیشن کیلئے حفاظتی ضمانت، سہولیات فراہم کرنے پر زور

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) چین نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں پولیو وائرس کے خلاف و یکسی نیشن کے لئے حفاظتی ضمانت اور سہولت فراہم کرے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندہ گینگ شوانگ نے گزشتہ روز سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور مسئلہ فلسطین پر منعقدہ بریفنگ کے دوران اپنے ریمارکس میں کہا کہ غزہ میں پولیو وائرس سے بچوں کی صحت کو شدید خطرات کا سامنا ہے اور ویکسی نیشن پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی اپیل کی حمایت کرتا ہے، چینی نمائندہ نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ حفاظتی ضمانت فراہم کرے اور ویکسی نیشن کے کام کے لئے ذمہ دارانہ انداز میں سہولت فراہم کرے۔

گینگ شوانگ نے مزید کہا کہ ہم غزہ میں انسانی بحران کو مزید بگڑنے سے بچانے کے لئے پرزور اپیل کرنے میں کونسل کی حمایت کرتے ہیں، انہوں نے غزہ کی سنگین صورتحال پر توجہ دلائی، جہاں 10 ماہ میں 40 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، صرف گزشتہ ماہ میں ایک ہزار سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں