این اے 128 : بیلٹ پیپرز کی کاؤنٹر فائل فراہم نہ کرنے کا حکم کالعدم قرار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 128 لاہور کے بیلٹ پیپرز کی کاؤنٹر فائل فراہم نہ کرنے کا الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے لاہور کے حلقہ این اے 128 کے بیلٹ پیپرز کی کاؤنٹر فائل کی فراہمی سے متعلق درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

عدالتی فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ درخواست گزار نے بیلٹ پیپرز کی کاؤنٹر فائلز کے حصول کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا، الیکشن کمیشن نے 26 اپریل کو کاؤنٹر فائلز فراہم کرنے کی درخواست مسترد کی، قانون کے مطابق درخواست گزار کاؤنٹر فائلز کا جائزہ لے سکتا ہے، مصدقہ کاپیز بھی حاصل کر سکتا ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن کا مؤقف بھی ٹھیک ہے کہ این اے 128 کا معاملہ ٹریبونل میں زیر سماعت ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن ٹریبونل کبھی بھی کاؤنٹر فائلز سمیت تمام ریکارڈ طلب کر سکتا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں لکھا کہ الیکشن کمیشن کے مطابق کاؤنٹر فائلز کی چھان پھٹک سے دستاویزات آگے پیچھے ہو سکتی ہیں، تاہم الیکشن کمیشن کاؤنٹر فائلز کی فراہمی کے حوالے سے ٹریبونل سے اجازت لے سکتا ہے، الیکشن کمیشن کاؤنٹر فائلز کے جائزے کے حوالے سے مناسب قوائد و ضوابط بھی عائد کر سکتا ہے۔

فیصلے میں مزید لکھا گیا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف درخواست منظور کی جاتی ہے، الیکشن کمیشن کا 26 اپریل 2024 کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے، الیکشن کمیشن کاؤنٹر فائلز کی فراہمی سے متعلق قانون اور عدالتی فیصلے کی روشنی میں فیصلہ کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں