9 مئی واقعات پر معافی مانگنے تک عمران خان سے مذاکرات نہیں ہونگے: احسن اقبال

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر معافی مانگنے تک بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اداروں اور قوم سے معافی مانگنے کے بعد پی ٹی آئی کے لیے کہیں جگہ بنے گی، اس جماعت نے وہ کیا جس کی جرات دہشتگردوں میں بھی نہیں، ایسے لوگوں سے کیسے بات ہوسکتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ 2018 میں ہنستا بستا پاکستان ایک ضدی شخص کی انا کی بھینٹ چڑھ گیا، ترقی کرتے ملک کا بیڑہ غرق کیا گیا، یہ دوسروں سے رسیدیں مانگتے تھے، اب یہ چیخیں مار رہے ہیں، انہیں اپنی بے گناہی ثابت کرنا ہوگی، رسیدیں دکھانا ہونگی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں فائیو سٹار ہوٹل جیسی سہولیات میسر ہیں یہ پھر بھی چیخیں مار رہے ہیں، مجھے گولی لگی، بازو ہمیشہ کیلئے ٹیڑھا ہوگیا، مجھے اہلخانہ سے ملنے نہیں دیاجاتا تھا، ہم نے چیخیں نہیں ماریں۔

احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی این آر او چاہتے ہیں، یہ این آر او کیلئے امریکی کانگریس کے پاؤں پکڑ رہے ہیں، موجودہ صورتحال چورمچائے شور کے مترادف ہے، انہیں این آراو کسی صورت نہیں ملے گا۔

وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ ہمیں توانائی بحران ورثے میں ملا، تمام بحرانوں کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی حکومت ہے، ایک اناڑی کے ہاتھوں میں ملک دے دیا گیا، اناڑی اور انا پرست شخص نے پاکستان کو اجاڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت غیر اعلانیہ جنگ کا سامنا ہے، دشمن پاکستان کو مشکلات میں دھکیلنا چاہتا ہے، دشمن پاکستان کو انتشار، خلفشار اور دہشتگردی سے کمزور کر رہے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کل مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، وزیراعظم دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے اجلاس میں مہنگی بجلی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، نوازشریف نے ہدایت کی ہے کہ توانائی کے بحران کو حل کیا جائے، نوازشریف نے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی بھی بات کی ہے، مؤثربلدیاتی نظام مسلم لیگ ن کے منشور میں شامل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں