آئیسکو کے 5 اہلکار آڈٹ کلیئر کرانے کی آڑ میں رشوت دیتے گرفتار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے 5 اہلکار آڈٹ کلیئر کرانے کی آڑ میں رشوت دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیے گئے۔

ایف آئی اے کے مطابق آئیسکو اہلکاروں کو کروڑوں روپے رشوت دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، آڈٹ افسران نے آئیسکو آڈٹ کلیئرکرانے کے نام پر کروڑوں روپے رشوت وصول کی، گرفتار ملزمان میں ذیشان علی، نذر حسین، اشتیاق احمد، جہانگیر احمد اور ثاقب صغیر شامل ہیں۔

حکام نے بتایا ہے کہ ملزم ذیشان علی کو بطور آڈٹ آفیسر اور نذر حسین کو بطور اسسٹنٹ آڈٹ آفیسر آڈٹ کیلئے نامزد کیا گیا تھا، ملزمان کو ڈپٹی ڈائریکٹر پروکیورمنٹ اینڈ کوآرڈینیشن لاہور آفس کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو آئیسکو آپریشن جہلم سرکل اور ریجنل منیجر ٹرانسفارمر ورکشاپ اسلام آباد کے آڈٹ کے لئے نامزد کیا گیا تھا، ملزمان سے ایک کروڑ 4 لاکھ 75 ہزار روپے بھی برآمد کر لیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ رقم آئیسکو کے اکاؤنٹ آفیسر اشتیاق احمد، جہانگیر احمد اور ثاقب صغیر کی جانب سے دی گئی تھی، ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں