ڈی ای او پشاور میں توڑ پھوڑ کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست، وزیر تعلیم کا نوٹس

پشاور:(دنیا نیوز) تحصیل ناظم متھرا کا ڈی ای او پشاور میں توڑ پھوڑ کا معاملہ پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پشاور نے مقدمے کیلئے درخواست دے دی۔

ایجوکیشن آفس کے ذرائع کے مطابق ڈی ای او کی جانب سے درخواست تھانہ ہشت نگری میں جمع کرائی گئی ہے،درخواست کے متن میں ڈی ای او نے بتایا کہ میں دفتر میں موجود تھا کہ تحصیل متھرا ناظم ساتھیوں سمیت آیا اور استاد کے تبادلے پر تلخ کلامی کی اور نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے جان سے مارنے کی دھمکی دی۔

ملزم کار سرکار میں  مداخلت کا مرتکب ہوا ہے، ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے۔

واضح رہے آج صبح استاد کے تبادلے کے بعد تحصیل متھرا کے ناظم نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے دفتر پر دھاوا بول دیا، ڈی ای او آفس میں ساتھیوں سمیت عملے پر تشدد کیا اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے دفتر شیشے اور کرسیاں توڑ ڈالیں۔

دوسری جانب ڈی ای او پشاور آفس میں توڑپھوڑ کے معاملہ پر صوبائی وزیرتعلیم فیصل ترکئی نے واقعہ کا نوٹس لے لیا، وزیرتعلیم نے سیکرٹری سے رپورٹ طلب کرلی۔

فیصل ترکئی کا اس حوالے سے کہنا تھا کی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں اور سرکاری افسران کے خلاف ایسے اقدامات قابل قبول نہیں ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں