بلھے شاہ ؒ کی شاعری رواداری اور اتحاد کا درس دیتی ہے: صدرمملکت

اسلام آباد:(دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ صوفی شاعر بابا بلھے شاہؒ کی شاعری رواداری اور اتحاد کا درس دیتی ہے۔

قصور میں صوفی شاعر بابا بلھے شاہؒ کے 267 ویں عرس کے موقع پراپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زداری کا کہنا تھا کہ بلھے شاہؒ نے مذاہب، فرقوں، ذاتوں کی تقسیم سے بالاتر ہو کر محبت، امن اور انسانیت کا عالمگیر پیغام دیا۔

انہوں نے کہا کہ بلھے شاہؒ انٹرنیشنل پیس یونیورسٹی کےقیام کیلئے اپنی سفارشات وزیر اعظم کو بھجوائی ہیں، بلھے شاہؒ انٹرنیشنل پیس یونیورسٹی کا قیام قصور کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ ہے، بلھے شاہؒ نے ہمارے ثقافتی اور روحانی ورثے پر گہرے اثرات چھوڑے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بلھے شاہ ؒکی شاعری استعاروں اور حکمت سے بھری ہے، ہمیں برادریوں کے درمیان ہم آہنگی اور ہمدردی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ بلھے شاہؒ کی تعلیمات کے مطابق مکالمے، افہام و تفہیم اورباہمی احترام کو فروغ دیا جائے، بلھے شاہؒ کی تعلیمات پر عمل اور ان کے پیغام کو اپنی زندگی میں اپنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں