پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر تحفظات، جسٹس منصور کا ججز کمیٹی اجلاس میں شرکت سے انکار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ججز کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا۔

سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت ججز کمیٹی کا اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ ججز کمیٹی اجلاس میں شرکت کئے بغیرچلے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس امین الدین خان نے اجلاس میں شرکت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی کابینہ سے منظوری اور صدر مملکت آصف زرداری کے دستخط کے بعد پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس نافذ ہوگیا تھا۔

پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے سیکشن 2 کی ذیلی شق ایک کے مطابق پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کمیٹی مقدمات مقرر کرے گی، کمیٹی چیف جسٹس، سینئر ترین جج اور چیف جسٹس کے نامزد جج پر مشتمل ہو گی۔

پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کے تحت جسٹس منیب اختر تین رکنی ججز کمیٹی سے باہر ہوگئے تھے اور چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ان کی جگہ جسٹس امین الدین خان کو کمیٹی رکن نامزد کیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں