چیمپئنز ون ڈے کپ: پہلے ایلمینیٹر میں لائنز نے سٹالینز کو 12 رنز سے شکست دیدی

فیصل آباد: (دنیا نیوز) چیمپئنز ون ڈے کپ کے پہلے ایلمینیٹر میچ میں لائنز نے سٹالینز کو 12 رنز سے شکست دے دی۔

فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں ہونیوالے چیمپئنز ون ڈے کپ کے پہلے ایلمینیٹر میچ میں لائنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے۔ 

264 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سٹالینز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 251 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی، سٹالینز کی جانب سے یاسر خان 39 اور جہانداد خان 36 رنز کیساتھ نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں معاذ صداقت نے 27، حسین طلعت نے 32 ، طیب طاہر نے 28 ،کپتان محمد حارث اور محمد محسن نے 30،30 رنز بنائے۔

لائنز کی جانب سےاحمد دانیال اور خوشدل شاہ نے 3،3 جبکہ سراج الدین، شارون سراج اور فیصل اکرم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں لائنز کی جانب سے احمد دانیال نے 65 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، کپتان امام الحق 23، محمد طلحہ 47، شارون سراج 38 جبکہ عامر یامین 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

سٹالینز کی جانب سے عبید شاہ نے 3 ، عادل امین اور معاذ صداقت نے 2،2 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

چیمپئنز ون ڈے کپ کا دوسرا ایلیمینٹر لائنز اور مارخورز کے درمیان 27 ستمبر کو فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں