کنکشن کیمپ میں این او سی کا ذکر، بورڈ آفیشلز سیخ پا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے کنکشن کیمپ میں کرکٹرز نے غیر ملکی لیگز کیلئے این او سی پالیسی پر لب کشائی کردی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کنکشن کیمپ میں قومی کرکٹرز نے پی سی بی حکام سے سوالات کیے، کھلاڑی نے مکالمے میں کہا کہ مانتے ہیں پرفارمنس اچھی نہیں، پرفارمنس کیلئے دماغی سکون کی ضرورت ہوتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ کھلاڑی نے کہا غیرملکی لیگز کیلئے این اوسی پالیسی پرنظرثانی کی جائے، این او سی کا قانون کھلاڑیوں کیلئے الگ الگ ہے، پی سی بی این او سی پر التوا کرتا ہے پھر جواب نہیں ملتا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے سی او او سلمان نصیر کو این او سی معاملات پر نظرثانی کی ہدایت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی آفیشلز نے مالی اور این اوسی معاملات پراظہار ناراضی کیا اور عہدیدار نے کہا کہ این اوسی معاملات کا ذکر کنکشن کیمپ میں نہیں کرنا چاہیے تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ کھلاڑیوں نے کہا کہ پلیئرز کی سرجری کی بات تو کردی گئی، پی سی بی کو اندرونی سرجری کی بھی ضرورت ہے، پی سی بی کو اندرونی معاملات بھی دیکھنے چاہئیں، اندرونی معاملات سے کھلاڑیوں پر دماغی طور پر اثر پڑتا ہے، کھلاڑیوں سے ٹھیک طرح برتاؤ نہیں کیا جاتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں