چکوال: ڈاکوؤں سے مقابلے میں ایلیٹ کانسٹیبل شہید، 2 ڈاکو ہلاک

چکوال: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس کا ایک اور جوان فرض کی راہ میں شہید ہوگیا، ڈاکوؤں سے مقابلے میں ایلیٹ کانسٹیبل جام شہادت نوش کر گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق چکوال پولیس ٹیم نے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کلر کہار رتہ گاؤں جنگل میں ریڈ کیا، ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل طاہر کو پیٹ اور بازو میں فائر لگے، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے ڈاکوؤں سے مقابلے میں ایلیٹ کانسٹیبل شہید ہوگیا

حکام کے مطابق پولیس کی جوابی فائرنگ میں 2 ڈاکو ہلاک جبکہ 3 گرفتار کر لئے گئے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل طاہر شاہ کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کے اہل خانہ سے تعزیت، دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ایلیٹ کانسٹیبل طاہر شاہ نے فرض کی راہ میں ڈاکوؤں سے لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا، پنجاب پولیس کانسٹیبل طاہر شاہ کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، شہید کے اہل خانہ کی کفالت پنجاب پولیس کی ذمہ داری ہے، بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کر لی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں