ڈاکٹر شاہنواز کو جعلی مقابلے میں قتل کیا گیا، پولیس افسران ملوث ہیں: وزیر داخلہ سندھ

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا ہے کہ عمر کوٹ میں ڈاکٹر شاہنواز کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا، پولیس افسران جعلی مقابلے میں ملوث ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے آئی جی سندھ کے ساتھ نیوز کانفرنس کی، انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے مطابق پولیس مقابلہ سراسر غلط تھا، عمرکوٹ واقعے کی رپورٹ 31 صحفات پر مشتمل ہے، پولیس افسران اس جعلی پولیس مقابلے میں ملوث ہیں، پولیس افسران کے خلاف ایف آئی آر کا آرڈر کر رہے ہیں، اگر ڈاکٹر شاہ نواز کی فیملی ایف آئی آر نہیں کٹوائے گی تو سندھ حکومت کٹوائے گی۔

وزیرداخلہ سندھ نے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، میرپورخاص میں نیا ڈی آئی جی لگا دیا ہے، ایس ایس پی میرپورخاص معطل ہیں، ان کیخلاف مقدمے کا حکم دے رہے ہیں، تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کر دی گئی ہے۔

ضیا لنجار نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی میں ثابت ہوا مقابلہ جعلی تھا، کوئی بھی ہو ماورائےعدالت قتل قابل قبول نہیں، 6 ایف آئی آرز کاٹی گئی ہیں، ابھی بھی تحقیقات جاری ہیں، 6 ایف آئی آرز کے بعد نیا ڈی آئی جی لگا دیا ہے، ہم چاہتے ہیں اپنے افسران کے خلاف انکوائری خود کریں۔

انہوں نے کہا کہ جوڈیشل انکوائری کا ایک پراسس ہوتا ہے، اگر ایف آئی آر نہ کٹے تب جوڈیشل انکوائری ہوتی ہے، اہل خانہ کو یقین دلاتے ہیں ملزموں کو سزا ضرور ملے گی، پیپلز پارٹی انتہا پسندی کے سخت خلاف ہے، ڈاکٹر کی فیملی کے لیے معاوضے کا اعلان وزیراعلیٰ سندھ کریں گے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں