اسرائیل کو ہتھیار بھیجنا بند کریں، فلسطینی صدر کا عالمی برادری سے مطالبہ

نیویارک: (دنیا نیوز) فلسطینی صدر محمود عباس نے عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو ہتھیار بھیجنا بند کیا جائے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا کہ نہتے فلسطینی اسرائیلی جارحیت کا شکارہیں، اسرائیلی بربریت پرعالمی عدالت انصاف نے تاریخی فیصلہ دیا، جنرل اسمبلی نے فلسطین کو ریاست کا درجہ دینے کی قرار داد منظور کی۔

محمود عباس نے کہا کہ صہیونی فوج کی جانب سےعالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، فلسطینی عوام کےساتھ یکجہتی کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے ہا کہ اسرائیل نےغزہ کومکمل طورپرتباہ کردیا، قابض فوج سکولوں، ہسپتالوں اورمہاجرکیمپوں کونشانہ بنارہی ہے، غزہ میں ہنگامی بنیادوں پرامداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

فلسطینی صدر نے مزید کہا کہ اسرائیل کو غزہ کا ایک سینٹی میٹر علاقہ بھی لینے نہیں دیں گے، فلسطین ہمارا وطن ہے اور ہم اسے چھوڑ کر نہیں جائیں گے، فلسطینی عوام غزہ سے نہیں نکلیں گے، یہ ہمارے باپ دادا کی زمین ہے، فلسطین ہمارا ہے اور ہمارا ہی رہے گا لیکن غاصب اسرائیل غزہ سے ایک دن ضرور نکلے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں