بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش کے سٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

بنگلا دیش کے سابق کپتان شکیب الحسن نے جمعرات کو بھارت کے شہر کانپور میں دوسرے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی ان کا آخری ون ڈے ٹورنامنٹ ہوگا جس کے بعد وہ مارچ 2025 تک بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

شکیب الحسن نے کہا کہ وہ ٹی 20 کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور گزشتہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلادیش کے لیے اپنا آخری میچ کھیل چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اکتوبر میں جنوبی افریقا کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے وطن واپس جانا چاہتے ہیں تاکہ بنگلا دیش میں اپنے آخری دو ٹیسٹ میچ کھیل کر ٹیسٹ کیریئر ختم کرسکیں، میں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے لیکن اگر ایسا نہیں ہوتا تو شاید یہ میرا آخری ٹیسٹ ہو۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی پارٹی سے تعلق رکھنے والے شکیب الحسن کو بنگلادیش میں قتل کے الزامات کا سامنا ہے، وہ حسینہ واجد کا تختہ الٹے جانے کے بعد سے ابھی تک بنگلا دیش واپس نہیں گئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں