مذہبی تہوار کی رسوم ادا کرتے 50 سے زائد ہندو دریاؤں میں ڈوب گئے

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت کی مشرقی ریاست بہار میں 50 سے زائد ہندو ایک مذہبی تہوار کی رسوم ادا کرتے ہوئے ڈوب گئے۔ یہ واقعات دریاؤں اور تالابوں میں رونما ہوئے۔

حالیہ بارشوں کے باعث دریاؤں میں طغیانی آئی ہوئی ہے اور تالاب بھی پورے بھرے ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 37 بچے بھی شامل ہیں۔

بہار کے ڈزاسٹر مینیجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ انتباہ کے باوجود لوگ دریا اور تالاب میں اترے۔ لوگوں نے انتباہ نظر انداز کردیا اور یہ بھی نہ دیکھا کہ دریا پورے جوش میں ہیں اور تالابوں میں بھی پانی اس قدر بھرا ہوا ہے کہ اُن میں کشتی چلانا بھی خطرناک ہے۔

یہ لوگ جیتیہ پرو نامی تہوار منارہے تھے۔ یہ تہوار ماؤں کا ہے اور وہ اپنے بچوں کی بہبود کے لیے دعائیں مانگتی ہیں۔ ہلاکتیں پندرہ اضلاع میں ہوئیں۔

ریسکیو ٹیمیں مدد کو پہنچیں تاہم تب تک لوگ ڈوب چکے تھے، چند ایک لاشیں نکالی جاسکی ہیں، لاشوں کی تلاش میں مشکلات درپیش ہیں کیونکہ دریا بپھرے ہوئے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں