رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کی آؤٹ لک رپورٹ جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ نے رواں مالی سال جولائی اور اگست کے دوران اکنامک آؤٹ لک جاری کر دی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پہلے 2 ماہ کے دوران ترسیلات زر، برآمدات، درآمدات، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مہنگائی میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافہ ہوا، دو ماہ میں ترسیلات زر 44 فیصد اضافے کے ساتھ 6 ارب ڈالر کے قریب رہیں۔

رپورٹ کے مطابق برآمدات میں 7.2 فیصد اور درآمدات میں 13.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں رواں مالی سال کے دو ماہ میں 80.9 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ مہنگائی 23.4 فیصد سے کم ہوکر 9.6 فیصد رہی، ستمبر اور اکتوبر میں شرح 8 سے 9 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، دوسری جانب جولائی اگست میں مالیاتی خسارہ 225 ارب روپے سے بڑھ کر 387 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں