معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی کوشش کرنیوالوں کو شکست ہوئی: آرمی چیف

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی کا دورہ کیا۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کو پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے انووسٹا انڈس آئی ٹی پارک کا افتتاح بھی کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور عمائدین نے شرکت کی، آئی ٹی پارک نوجوانوں کو اس شعبے میں معیاری تربیت فراہم کرے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شرکاء تقریب نے مثبت معاشی اشاریوں کیلئے ایس آئی ایف سی کے کردار کی تعریف کی، آرمی چیف نے تمام اقدامات کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کوششوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی کوششیں کرنے والوں کو اجتماعی کوششوں سے شکست ہوئی ہے، اس طرح کے منصوبوں کا مقصد آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

آرمی چیف نے برادر اور دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کی معاشی بحالی میں متعدد شعبوں میں تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں قابل ذکر صلاحیت رکھتا ہے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہر کسی کو پاکستان کے روشن مستقبل پر غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہیے، پاکستان بے پناہ وسائل اور صلاحیت سے اقوام عالم میں اپنا مقام حاصل کرے گا، انشاء اللہ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کراچی کی تاجر برادری سے بھی بات چیت کی، آرمی چیف نے ملک کی اقتصادی ترقی میں کاروباری برادری اور تاجروں کے تعاون کو سراہا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے اور معاشی ترقی کیلئے آئی ٹی ڈومین کی اہمیت پر زور دیا۔

قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کراچی آمد پر کور کمانڈر کراچی نے استقبال کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں