29 تاریخ کو پورے پاکستان میں دھرنے دیئے جائیں گے: حافظ نعیم الرحمان

حیدرآباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 29 تاریخ کو پورے پاکستان میں دھرنے دیئے جائیں گے، پہلے ہم نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اب پہیہ جام ہڑتال کریں گے۔

حیدر آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کا حال دیکھ لیں کہ لیڈر گرفتار ہوا تو پوری پارٹی تقسیم ہے، یہ لوگ چاہتے ہیں کہ ون مین آرمی کے تحت پارٹیاں چلائی جائیں، جماعت اسلامی کے انتخابات ہوتے رہتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم جمہوریت کی بحالی اور آئین کی بالادستی کی تحریک لے کر چل رہے ہیں، ہم حق دو حیدرآباد کی تحریک چلا رہے ہیں، جماعت اسلامی کی ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنائے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم غزہ کے لوگوں کو نہیں بھول سکتے، ایک سال ہو گیا لیکن انہوں نے ہتھیار نہیں ڈالے، 45 ہزار لوگوں کو شہید کیا گیا ہے جن میں 30 ہزار بچے اور خواتین شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ حکمران جو اسرائیل کو قبول کرنے کے لئے مرے جا رہے ہیں وہ فلسطینیوں سے سبق سیکھیں، 7 اکتوبر کوآپ لوگ باہر نکل کر کھڑے ہوں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فارم 47، یا 45 کی حکومت ہو بہرحال ہے تو حکومت، بات تو کرنی پڑتی ہے، سب کے پاس جائیں گے کہیں گے کہ ایک گھنٹہ غزہ کے لوگوں کے لئے نکالیں، طلبا و طالبات اپنے تعلیمی اداروں سے باہر نکل کر کھڑے ہوں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جن حکمرانوں نے ہم سے ناجائز بل لئے وہی حیسکو، سیپکو، فیسکو کو کمپنسیٹ کریں، یہ مقدمہ پوری طاقت سے لڑیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں