حسن نصراللہ کی شہادت پر مختلف ملکوں میں احتجاج،عراق میں 3 روزہ سوگ

بیروت: (دنیا نیوز) حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت پر مختلف ممالک میں احتجاج ریکارڈ کرائے گئے جبکہ عراق نے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حسن نصراللہ کی شہادت کےبعد ایران، عراق اور لبنان سمیت مختلف ممالک میں احتجاج کیا گیا۔

ایران کے دارالحکومت تہران میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیااور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حسن نصراللہ کے قتل کا بدلہ لیا جانا چاہیے، لازم ہے مسلم ممالک ایک ہوں اور ڈٹ کر اپنی بات دنیا کے سامنے رکھیں۔

عراق میں حزب اللہ سربراہ کی شہادت پر شہریوں نے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا، احتجاجی مظاہرین نے امریکی سفارتخانے کا گھیراؤ کرلیا اور سفارتخانے کے اندار جانے کی کوشش کی ۔

انتظامیہ نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے گرین زون پر علاوی گیٹ بند کردیا اور امریکی سفارتخانے کی حفاظت کے لیے اضافی سکیورٹی طلب کرلی۔

پاکستان سمیت کئی ممالک میں حسن نصراللہ کی شہادت پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ 

یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے جمعہ کی شب بیروت میں حزب اللہ کے مرکزی ہیڈکوارٹر پر حملہ کیا جس کا بنیادی مقصد سید حسن نصر اللہ کو نشانہ بنانا تھا۔

اسرائیلی فوجی حملے میں حسن نصراللہ اور ان کی بیٹی زینب نصراللہ شہید ہو گئی تھیں،حسن نصراللہ کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیلی طیاروں نے روز بیروت میں ایک ساتھ 15 میزائل داغے تھے جس سے 6 عمارتیں تباہ، 8 افراد شہید اور 91 زخمی ہوئے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں