پی ٹی آئی کیساتھ نہ کوئی رابطہ اور نہ ہی ڈیل ہو رہی : اسٹیبلشمنٹ ذرائع
اسلام آباد: ( عدیل وڑائچ) اسٹیبلشمنٹ ذرائع نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ نہ کوئی رابطہ ہے اور نہ ہی کوئی ڈیل ہو رہی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ذرائع نے بتایا ہے کہ تحریک انصاف کی کسی شخصیت کیساتھ اسٹیبلشمنٹ کے مذاکرات نہیں ہوئے، مقتدرہ نہ تو بات چیت کی خواہشمند ہے نہ ہی موجودہ صورتحال میں اسکا امکان ہے، اسٹیبلشمنٹ اپنے مؤقف پر پوری طرح قائم ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان 9 مئی پر معافی مانگیں اس کے بعد بھی انہیں سیاسی حکومت سے ہی بات کرنا ہو گی، پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے کچھ حلقے جان بوجھ کر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ مقتدرہ اسے انگیج کر رہی ہے ، مگر اس میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے ۔
اسٹیبلشمنٹ ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کیساتھ ڈیل یا انکے قانونی ریلیف سے متعلق مقتدرہ کوئی کردار نہ تو ادا کرنے جا رہی ہے نہ ہی یہ معاملہ اس فورم پر طے ہونا ہے ، جب اگر کوئی بات چیت ہوئی بھی تو پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی حکومت کیساتھ بیٹھنا ہے اور رولز آف دی گیم طے کرنے ہیں۔