ہر جان قیمتی، مگر پی ٹی آئی لاشوں کی سیاست کرنا چاہتی ہے: شرجیل میمن
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہر جان قیمتی ہے، مگر پی ٹی آئی لاشوں کی سیاست کرنا چاہتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ اگر کوئی شخص جاں بحق ہوا ہے تو نہ کوئی نام سامنے آیا نہ تفصیل، اگر پُرامن احتجاج تھا تو پولیس اہلکاروں کو کیسے یرغمال کیا گیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اپنے کارکنان کو آنسوگیس کے شیل دیئے، وفاقی حکومت نے دھرنا ایک جگہ کرنے کا کہا، مگر وہ نہ مانے، دھرنے میں ایک بھی لیڈر نظر نہیں آیا، سب کریک ڈاؤن سے پہلے ہی بھاگ گئے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ انہوں نے اپنے کارکنان کو بے وقوف بنایا، کے پی کے سے سرکاری مشینری کے ہمراہ اسلام آباد پر یلغار کی گئی، پی ٹی آئی کے پی کے پر حکومت کا حق کھو چکی ہے۔