پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں، شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا: گنڈا پور

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں ہے، ڈی چوک کے شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں خطاب سے قبل وزیراعلیٰ نے اسلام آباد میں مظاہرے کے دوران جاں بحق ہونے والے کارکنان کی مغفرت اور بلند درجات کیلیے دعا کروائی۔

اپنے خطاب کے آغاز پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی روایات کو قائم رکھتے ہوئے 245 کے تحت فوج کو مظاہرے میں مداخلت کی اجازت دی، انار کلی، ماڈل ٹاؤن کے بعد ڈی چوک پر گولیاں برسائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ دادو خیل کے مقام سے ہم پر فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، پھر چونگی 26 پر ہم پر گولیاں برسائی گئیں، ہمارا بے گناہ لیڈر جیل میں ہے جس کی رہائی کے لیے ہم احتجاج کررہے تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنے لیڈر کیلیے اتنی بڑی تعداد میں عوام نکلے، چلینج کرتا ہوں تاریخ میں اتنا بڑا مارچ دکھائیں، ہم اپنے کارکنان کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، جنہوں نے یہ حرکت کی انہیں عبرت ملے گی۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ بھی ہم کریں، ہمیں مجبور نہ کریں کہ پھر نعرہ لگائیں کہ ایسا صحیح تو پھر ایسا ہی صحیح، جب پنجاب پولیس کے اہلکار پکڑے گئے تو انہوں نے عمران خان کے نعرے لگائے۔ 

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت 3 گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کا وقت 7 بجے دیا گیا تھا تاہم دیے گئے وقت تک کوئی رکن پہنچ نہیں سکا تھا۔

رات 10 بجے شروع ہوانیوالے اجلاس کو وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے خطاب کے بعد سوموار 2 دسمبر کو سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں