پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا، عظمیٰ بخاری فیک ویڈیوز اور پوسٹیں منظر عام پر لے آئیں
لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کا پروپیگنڈا ایکسپوز کر دیا، تمام فیک ویڈیوز اور پوسٹیں منظرعام پر لے آئیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پروپیگنڈا سیل کی طرف سے مردہ قرار دیئے شخص کی ویڈیو بھی شیئر کر دی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی والے ناکام بغاوت کے بعد فیک ویڈیو اور تصویروں کا سہارا لے رہے ہیں، تحریک انصاف کا پروپیگنڈا سیل جھوٹ بیچنے اور لاشیں ڈھونڈنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب کرنا بھی بقول کچھ "محب وطن پاکستانیوں" کے ان کے بنیادی حقوق ہیں؟ اس جھوٹ اور پروپیگنڈے کے لیے ان کو اس کی کھلی چھٹی ملنی چاہئے؟۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان سب کے لیے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے، فیک نیوز اور جھوٹے پروپیگنڈے کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔