پی ٹی اے نے ہفتہ سائبر سکیورٹی آگاہی کا آغاز کردیا
اسلام آباد :(دنیا نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ہفتہ آگاہی برائے سائبر سکیورٹی 2024 کا آج سے آغاز ہوگیا جو 15 دسمبر تک جاری رہے گا۔
آگاہی ہفتہ کا مقصد انفرادی اور صارفین کی سطح پر ڈیجیٹل تحفظ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے، جس میں آن لائن سکیورٹی، ڈیٹا پرائیویسی، اور سائبر کرائمز کے قانونی پہلووٴں پر روشنی ڈالی جائے گی، جیسا کہ الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے ایکٹ 2016 (پیکا) میں درج ہے۔
پی ٹی اے اس دوران ماہرین کی موجودگی میں پینل ڈسکشن کا اہتمام کرے گا تاکہ افراد اور اداروں کو سائبر خطرات سے بچاوٴ پر مبنی اہم معلومات فراہم کی جا سکے۔
دوسری جانب پی ٹی اے کی جانب سے شہریوں، کاروباری اور تعلیمی اداروں کو مدعو کیا جاتا ہے کہ وہ پی ٹی اے کے سوشل میڈیا ہینڈلز پر موجود مواد کو دیکھیں، پوسٹ اور شیئر کریں اور پاکستان کے سائبر ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔