پشاور ہائیکورٹ نے سلمان اکرم راجہ کو ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت دیدی

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت دے دی۔

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس وقار احمد نے سلمان اکرم راجہ کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ کے خلاف 8 ایف آئی آرز درج ہیں، 8 مقدمات میں راہداری ضمانت حاصل کر لی ہے، 8 مقدمات معلوم ہیں، باقی کا پتہ نہیں۔

عدالت نے سلمان اکرم راجہ کی ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے درج مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں اور پولیس کو انہیں درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

26 نومبر کو گرفتار افراد کو 9 مئی مقدمات میں ڈالا جا رہا ہے: سلمان اکرم راجہ
پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ جو ہمارے دوست 26 نومبر کو گرفتار ہوئے ان کو 9مئی کے کیسز میں ڈالا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کا مقصد سیاسی نہیں ہونا چاہیے، پورے قانونی نظام کو سیاسی نظام کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ہمیں سیاسی سطح پر ڈائیلاگ کا مینڈیٹ دیا ہے، ہم اخلاقی اور سیاسی سطح پر گفت و شنید کا سلسلہ شروع کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کی فلاح ایک دوسرے کے ساتھ اتفاق اور بھائی چارے میں ہے، ہم آپ کو بھائی چارے اور امن کا پیغام دیتے ہیں اور اس کیلئے لڑتے رہیں گے، ہم ہر ایک کے ساتھ مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہیں، آئین وقانون کی بالادستی کیلئے بات بھی کریں گے اور اس کے ساتھ کھڑے بھی ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں