پی ٹی آئی احتجاج: امن وامان بحال رکھنے کا آرڈر تھا، معاملے کو پیچیدہ بنادیا، عدالت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق عدالتی آرڈر کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہا کہ عدالت کا سادہ سا آرڈر تھا کہ امن و امان بحال رکھنا ہے لیکن آپ نے اس معاملے کو اتنا پیچیدہ بنا دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق عدالتی آرڈر کی خلاف ورزی پر اسلام آباد کے تاجروں کی توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ وزارتِ داخلہ کی جانب سے رپورٹ جمع کرا دی گئی ہے؟ جس پر وزارتِ داخلہ نے احتجاج سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کیلئے وقت مانگ لیا۔
سٹیٹ کونسل عبدالرحمان نے بتایا کہ رپورٹ ابھی جمع نہیں کرائی جا سکی، کچھ وقت چاہیے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کیا مسئلہ ہے رپورٹ کیوں نہیں پیش کی جا رہی؟ آپ نے بتانا ہے کہ آپ نے کیا کیا ہے، بتانا مشکل ہے؟ رپورٹ فائل کریں پتہ تو چلے کہ ہوا کیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اس عدالت کا سادہ سا آرڈر تھا کہ امن و امان بحال رکھنا ہے، عدالت نے آرڈر کیا تھا کہ آپ نے شہریوں کے حقوق کا خیال رکھنا ہے لیکن آپ نے اس معاملے کو اتنا پیچیدہ بنا دیا ہے۔
بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارتِ داخلہ کو پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کیلئے مزید وقت دے دیا اور کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔