خیبرپختونخوا کے لوگوں کو انتہا پسند نہ سمجھا جائے: فیصل کریم کنڈی
پشاور:(دنیا نیوز) گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کو انتہاپسند اور دہشت گرد نہ سمجھا جائے۔
پشاور میں فیصل کریم کنڈی کا بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا آج کانفرنس میں تمام مذاہب کے لوگوں کو ایک ساتھ دیکھ کر خوشی محسوس ہورہی ہے ، اس طرح کانفرنسز کے انعقاد سے باہمی روا داری کو فروغ ملے گی، پاکستان کے قانون کے مطابق سب شہری برابر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہب کے نام پر کوئی تفریق نہیں ہے، عدم برداشت سے معاشرے کو شدید خطرات ہے، بدقسمتی سے نفرت انگیزی اور عدم برداشت سے ہمارے معاشرے کو نقصان پہنچایا ہے، سب کو امن و امان کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا میں اس طرح کی کانفرنسزکا انعقاد انتہائی ضروری ہے، تمام مذاہب کی عبادات گاہوں کے دورے کئے ہیں، اقلیتوں کے مسائل کے حوالے سے وفاقی وزیر مذہبی امور کو آگاہ کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کانفرنسز کے انعقاد سے ہی خیبرپختونخوا کا مثبت چہرہ دنیا کو دکھا سکتے ہیں، خیبرپختونخوا کے لوگوں کو انتہا پسند اور دہشت گرد نہ سمجھا جائے، سیاسی ہم آہنگی کے لیے گورنر ہاؤس میں آل پارٹی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس کےآخر میں ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کے امن و امان اور مسائل کے لیے آل پارٹی کانفرنس کے بعد کمیٹیاں بنائی ہیں۔