بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے سے متعلق تمام ثبوت موجود ہیں: ایرانی سپریم لیڈر
تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے سے متعلق ثبوت موجود ہیں۔
تہران میں خطاب کے دوران آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا کہ شام میں بشار الاسد حکومت کا خاتمہ امریکا، اسرائیل اور شام کے ایک پڑوسی ملک کا منصوبہ تھا، ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شام میں جوکچھ ہوا اس کا منصوبہ امریکا اور اسرائیل نے تیار کیا، ہمارےپاس ثبوت ہیں، کسی شک و شبے کی گنجائش نہیں۔
آیت اللّٰہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ اسد حکومت کو ستمبر سے خبردار کر رہے تھے، شامی حکومت نے دشمن کو نظر انداز کیا، یہ پتا نہیں چل سکا کہ سب کچھ اعلیٰ حکام تک پہنچ رہا تھا یا نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ شام میں باغی گروپوں کے مقاصد ایک دوسرے سے الگ ہیں، شام کے ہر باغی گروپ کے اپنے علیحدہ مقاصد اور ایجنڈا ہے، فتنہ داعش کے دوران ایران کی شام میں موجودگی کا مقصد مقدس مقامات کا تحفظ اور امن قائم کرنے میں شامی حکومت کی مدد کرنا تھا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے یہ بھی کہا کہ وقت ثابت کرے گا کہ ان لوگوں کا کوئی بھی مقصد پورا نہیں ہوگا، اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکا علاقے میں اپنے قدم جمانا چاہتا ہے۔