دوسرا ٹی 20: پاکستان کا جنوبی افریقہ کو 207 رنز کا ہدف
سینچورین: (دنیا نیوز) ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 207 رنز کو ہدف دے دیا۔
سینچورین میں ہونیوالے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔
اوپننگ بلے باز صائم ایوب نے ناقابل شکست 98 رنز کی اننگز کھیلی اور حریف ٹیم کے لیے بڑا ہدف سیٹ کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا، صائم ایوب اپنی اننگز کے دوران 5 چھکے اور 11 چوکے لگائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں کپتان محمد رضوان نے11، بابراعظم نے 31 اور عرفان نیازی نے 30 رنز کی اننگز کھیلی، عثمان خان 3 اور طیب طاہر 6 رنز بناسکے جبکہ عباس آفریدی 11 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔
قبل ازیں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ آج کےمیچ میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، کوشش ہوگی پچھلےمیچ کی غلطیوں کونہ دہرائیں۔
قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، سپنر سفیان مقیم کی جگہ فاسٹ بولر جہانداد خان کو شامل کیا گیا ہے، ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، بابر اعظم، صائم ایوب، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، جہانداد خان، حارث روف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سیریز میں جنوبی افریقا کو ایک۔صفر کی برتری حاصل ہے، جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست دی تھی۔