مسلح جتھوں کے ساتھ احتجاج پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے: عطا تارڑ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ افغان شہریوں کے ساتھ مسلح جتھوں سے لیس ہو کر احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے۔

اسلام آباد سے وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے علی امین گنڈاپور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ ریاست اور عوام کا نقصان چاہا ہے، تحریک انتشار نے پچھلی مرتبہ بھی جدید اسلحے، سٹن گنز، ٹیئر گیس شیل اور گرنیڈ سے لیس مسلح جتھوں کے ساتھ وفاق پر لشکر کشی کی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انتشار کے مسلح جتھوں نے بلا اشتعال فائرنگ کی، علی امین گنڈاپور کے گارڈز کو گولی چلاتے ہوئے دیکھا گیا، یہ لاشیں گرا کر ان پر سیاست کرنا چاہتے ہیں، ان کا کوئی احتجاج کبھی پرامن نہیں ہوا، یہ ملک میں بدامنی چاہتے ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ سیاسی مفاد پر ریاست کے مفاد کو قربان کیا ہے، 9 مئی اور 26 نومبر ملکی تاریخ کے سیاہ ترین دن ہیں، ملتان میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے جلسہ کے دوران بھگدڑ مچنے سے کئی ہلاکتیں ہوئیں لیکن عمران خان نے اپنی تقریر جاری رکھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ انہیں کبھی عوام کے جان و مال کی کوئی پرواہ نہیں رہی، خیبر پختونخوا کے عوام پہلے ہی ان کی کال کو مسترد کر چکے ہیں، عوام تحریک انتشار کی اگلی کال بھی مسترد کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں