یونان میں کشتی الٹنے سے 5تارکین وطن ہلاک، 39 کو بچا لیا گیا
ایتھنر:(ویب ڈیسک ) یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب کشتی الٹنے سے پانچ تارکین وطن ڈوب گئے جبکہ زندہ بچ جانے والے 39 افراد میں زیادہ تر پاکستانی ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونان کے کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور تاحال متعدد لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، حکام یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ کشی میں مجموعی طور پر کتنے تارکین وطن سوار تھے۔
حکام کے مطابق حادثے میں 39 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا اور ان میں زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے، ان کو اس علاقے میں کارگو جہازوں کے ذریعے بچایا گیا ہے، کوسٹ گارڈ نے کہا کہ انہیں کریٹ کے جزیرے پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ لاپتہ ہونے والوں کی تعداد کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
ہفتے کے روز الگ الگ واقعات میں مالٹا کے ایک کارگو جہاز نے گاوڈوس نے ایک کشتی سے 47 اور ایک ٹینکر نے یونان کے جنوب میں واقع چھوٹے سے جزیرے سے تقریباً 28 سمندری میل دور 88 تارکین وطن کو بچایا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق کوسٹ گارڈ حکام کا خیال ہے کہ یہ کشتیاں لیبیا سے ایک ساتھ روانہ ہوئی تھیں۔