استنبول میں افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں :دفتر خارجہ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ استنبول میں افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، اس وقت کوئی ڈیڈ لاک نہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ سے اظہار خیال کرتے ہوئے طاہر اندرابی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سرزمین مسلسل پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے، افغانستان سے جاری حملوں میں معصوم لوگ نشانہ بنتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ افغانستان سے دہشت گرد پاکستان کی طرف تشکیل کرکے حملے کرتے ہیں، پاکستان کا بنیادی مطالبہ ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

طاہر اندرابی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان استنبول میں مذاکرات شروع ہوئے، مذاکرات ثالثوں کی موجودگی اور نگرانی میں ہو رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ دفتر خارجہ کی نمائندگی کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری سید علی اسد گیلانی استنبول مذاکراتی وفد میں شامل ہیں، قومی سلامتی کے مشیر اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بھی مذاکراتی وفد کی سربراہی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اُن کا مزید کہنا تھا کہ بدھ کے روز بھارتی میڈیا نے ہندو یاتریوں کے پاکستان داخلے کو روکنے کی خبر چلائی، پاکستان اس خبر کی سختی سے تردید کرتا ہے، پاکستان نے 2400 ہندؤں یاتریوں کو ویزے جاری کیے، بھارتی دعوے اور خبریں حقائق کے منافی ہیں، کچھ ہندو یاتریوں کو نامکمل دستاویز کی بنیاد پر واپس بھیجا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں