سٹاک مارکیٹ میں تیزی، ایک لاکھ 69 ہزار پوائنٹس کی حد بحال
کراچی: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف کی 1.2 ارب ڈالر کی منظوری کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 1000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 69 ہزار 601 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس ایک ہزار 153 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ ایک لاکھ 69 ہزار 456 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
جن اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا ان میں سیمنٹ، کمرشل بینکس، کھاد، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، تیل مارکیٹنگ کمپنیاں (او ایم سیز)، بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور ریفائنریز شامل ہیں، حبکو، ماری، اوجی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، ایم سی بی، ایم ای بی ایل، این بی پی اور یو بی ایل بھی مثبت زون میں دکھائی دیئے۔
تجزیہ کاروں نے اس مثبت رجحان کی وجہ آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کو قرار دیا جس کے نتیجے میں جنوبی ایشیائی ملک پاکستان کیلئے تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی رقم جاری ہوئی جس میں تقریباً ایک ارب ڈالر ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) اور 200 ملین ڈالر ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلیٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) کے تحت شامل ہیں جبکہ دونوں سہولتوں کے تحت مجموعی ادائیگیاں بڑھ کر تقریباً 3.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک ایکسچینج میں انڈیکس ایک لاکھ 68 ہزار 303 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔